نوازشریف اور آصف زرداری اپنا آخری الیکشن لڑ چکے، وزیر اطلاعات فواد چودھری

نوازشریف اور آصف زرداری اپنا آخری الیکشن لڑ چکے، وزیر اطلاعات فواد چودھری
کیپشن: فوٹو/ اسکرین گریب نیو نیوز

اسلام آباد: اسحاق ڈار بھی واپس آئیں گے اور عوام کی لوٹی ہوئی دولت بھی واپس آئے گی،وزیر اطلاعات فواد چودھری نے دعویٰ کر دیا۔

وزیراطلاعات فوادچودھری نے تقریب سے خطاب  کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف اور آصف زرداری اپنا آخری الیکشن لڑ چکے،منی لانڈرنگ کے خلاف اقدامات شروع کردیئے ہیں، اب سیاسی سے زیادہ معاشی چیلنجز کے حل پر توجہ دے رہے ہیں، ڈیفالٹ سے باہر نکل چکے،حکومت کی پالیسیوں سے ملک کی معاشی صورتحال میں مزید بہتری آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ  1985والی سیاست اب ختم ہو گئی،ہم حکومت میں آئے تو ڈالر 128 روپے پر تھا، سیاست ہمارے لیے چیلنج نہیں،معیشت میں بہتری چیلنج ہے، ڈیفالٹ سے نکل گئے، اب معیشت کو بہتر کریں گے، ہم نے درآمدی اشیا پرٹیکس بڑھایا تا  کہ ہمارے اخراجات قابو میں رہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، چین اور یو اے ای کے پاس گئے، اب ایسا نہیں ہوگا  کہ ہر سال کے آخر میں ہم آئی ایم ایف کے پاس چلے جائیں، اپنے زرمبادلہ بڑھا لیں گے تو بہت سے مسائل پر قابو پالیں گے،منی لانڈرنگ کے خلاف اقدامات شروع کردیئے ہیں، گزشتہ حکومتوں پراعتراض ہے ایک تو کرپشن کی دوسرا پیسہ باہر بھجوایا، 5،5ہزار کےنوٹ بنا کر پیسہ باہر لانچوں کے ذریعے بھجوایا گیا۔

ان کا  کہنا تھا کہ   کرتارپور بارڈر کھولنے کا مقصد مذہب کے ساتھ معاشی بھی ہے، جرمنی کے بعد امریکا بھی پاکستان کیلئے ٹریول ایڈوائزری پر نظر ثانی کرےگا، امریکا سے تعلقات بہتر ہو رہے ہیں، برٹش ایئرویز نے پروازیں شروع کرنے کا اعلان کردیا، پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری آنا بہت ضروری ہے،سی پیک کے ذریعے انفراسٹرکچر پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔