صدر مملکت نے سعودی ولی عہد کو نشان پاکستان سے نوازا

صدر مملکت نے سعودی ولی عہد کو نشان پاکستان سے نوازا
کیپشن: ایوان صدر پہنچنے پر صدر مملکت نے شہزادہ محمد بن سلمان کو خوش آمدید کہا۔۔۔فوٹو/ ریڈیو پاکستان

اسلام آباد: صدرمملکت عارف علوی سے ملاقات کیلئے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان ایوان صدر پہنچے جہاں پروقار تقریب میں معزز مہمان کو پاکستان کا اعلی ترین سول ایوارڈ نشان پاکستان عطا کیا گیا۔

پاکستان کے دورے پر آئے سعودی ولی عہد آج وزیراعظم کے ہمراہ ایوان صدر پہنچے۔  شاہی مہمان کو بھرپور پروٹوکول کے ساتھ خصوصی بگھی میں سوار ہو کر ایوان صدر پہنچے۔

ایوان صدر پہنچنے پر صدر مملکت نے شہزادہ محمد بن سلمان کو خوش آمدید کہا اور گرم جوشی سے ہاتھ ملایا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اطلاعات فواد چودھری سمیت کابینہ اراکین، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سروسز چیفس بھی موجود تھے۔

ایوان صدر آمد پر شہزادہ محمد بن سلمان کو نشان پاکستان دینے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کے بعد صدر مملکت نے سعودی ولی عہد کو نشان پاکستان عطا کیا۔

تقریب کے دوران چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید، وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا سمیت اعلی سول و فوجی حکام بھی شریک ہوئے۔ تقریب کے بعد شہزادہ محمد بن سلمان کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا۔