نوجوت سنگھ نے پاکستان آنے کی دعوت قبول کر لی

نوجوت سنگھ نے پاکستان آنے کی دعوت قبول کر لی
کیپشن: نوجوت سنگھ نے پاکستان آنے کی دعوت قبول کر لی
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: بھارت کے سابق ٹیسٹ کرکٹر و ممتاز سیاسی رہنما نوجوت سنگھ سدھو نے مجوزہ انٹرنیشنل کبڈی مقابلوں کے موقع پر پاکستان آنے کی دعوت قبول کر لی۔

پاکستان کبڈی فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری رانا سرور نے کہا کہ کبڈی کے ایونٹس قومی اور بین الاقوامی سطح پر تاحال بند ہیں۔ پاکستان کبڈی فیڈریشن جلد قومی اور بین الاقوامی مقابلوں کا آغاز کرے گی جبکہ آئندہ ایشیاء اور کبڈی ورلڈ کپ پاکستان کو الاٹ ہوئے ہیں،سیف گیمز میں بھی کبڈی کا ایونٹ شامل کیا گیا ہے۔

رانا سرور نے کہا کہ ننکانہ صاحب انٹرنیشنل کبڈی ٹورنامنٹ اور کرتار پور راہداری میں بھارت اور پاکستان کے درمیان مقابلے ہوں گے، روزانہ کی بنیاد پر دونوں ٹیمیں وہاں مدمقابل ہوں گی،بھارتی ٹیم کے ساتھ معروف کرکٹر سدھو بھی آئیں گے۔ روزانہ میچ کے بعد بھارتی ٹیم واپس اپنے ملک چلی جائے گی اور پھر اگلے روز واپس آئے گی۔

انہوں نے کہادونوں ممالک کی کبڈی فیڈریشنز میں معاملات طے پا گئے ہیں۔ پاکستان کبڈی فیڈریشن کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے جبکہ حکومت اور ملٹی نیشنل اداروں سے درخواست ہے کہ روایتی کھیل کی سرپرستی کریں۔ بھارتی پرو کبڈی لیگ کا بجٹ 8 ہزار کروڑ ہے۔