ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور کا مریم نواز کے بیان پر ردعمل

 ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور کا مریم نواز کے بیان پر ردعمل

لاہور: ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے مریم نواز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے  کہا ہے کہ مریم بی بی شاہی عینک اتار کر دیکھیں ،تو انہیں پنجاب میں ہورہی ترقی دکھائی دے گی۔

لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حسان خاور نے کہا کہ جس طرز حکمرانی سے مریم نواز واقف ہیں، اب ایسی ملک میں حکومت نہیں۔ انہوں نے نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق سوال پر کہا کہ میڈیکل بورڈ کو ان کی رپورٹس دیدی گئی ہیں، بورڈ فیصلہ کریگا نواز شریف سفر کرسکتے ہیں یا نہیں۔ ترجمان پنجاب حکومت نے مری سانحے سے متعلق سوال پر کہا کہ تحقیقات جاری ہیں، رپورٹ کو سامنے لایا جائے گا۔

قبل ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کہا کہ حکومت کے اپنے ایم این ایز اسکے خلاف بول رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن نے بدترین انتقام برداشت کیا۔ بہت جلد عمران خان سے عوام کی جان چھوٹ جائے گی۔ میاں صاحب جلد وطن واپس آئیں گے۔ حکومت نواز شریف کا بال بھی بیکا نہیں کرسکی۔ آج بھی نواز شریف مقبول ترین عوامی لیڈر ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی ہے ہی نہیں، بے روزگاری مہنگائی بے حسی اپنے عروج پر ہے۔ میڈیا لاقانونیت، مہنگائی پر بات کرے یا مری کی بے حسی پر بات کرے؟

  

مریم نوازنے کہاکہ میاں صاحب جلد وطن واپس آئیں گے۔ واپسی کے وقت کا تعین جماعت کریگی۔ حکومت نے جو نواز شریف کے خلاف کیا وہ سب کے سامنے ہے۔ توجہ ہٹانے کیلئے نواز شریف کو وطن واپس لانے کا کہا جارہا ہے۔ حکومت نواز شریف کا بال بھی بیکا نہیں کرسکی۔