کراچی :کراچی کے مصروف علاقے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں لگنے والی خوفناک آگ نے تباہی مچا دی۔ آتشزدگی کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 20 سے زائد افراد شدید زخمی ہو گئے۔ واقعے کو 10 گھنٹے سے زائد کا وقت گزر جانے کے باوجود آگ پر مکمل طور پر قابو نہیں پایا جا سکا۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ پلازہ کے میزنائن فلور پر لگی جو دیکھتے ہی دیکھتے دیگر حصوں میں پھیل گئی۔ گراؤنڈ فلور پر موجود تمام دکانیں جل کر خاکستر ہو گئیں جبکہ پلازہ میں ایک ہزار سے زائد دکانیں قائم ہیں۔ شدید دھویں کے باعث متعدد افراد کی حالت غیر ہو گئی۔
جاں بحق افراد کی شناخت عامر، آصف، فراز اور کاشف کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ ایک جاں بحق شخص کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ ریسکیو آپریشن کے دوران سیڑھیاں ٹوٹنے سے دو افراد گر کر زخمی بھی ہوئے۔
فائر بریگیڈ حکام نے آگ کو تیسرے درجے کی آتشزدگی قرار دیا ہے۔ آگ کے باعث عمارت کے مختلف حصوں میں دراڑیں پڑ چکی ہیں جس کے باعث عمارت کے گرنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ شاپنگ پلازہ میں تاحال کئی افراد کے پھنسے ہونے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
آگ بجھانے کے لیے 20 فائر ٹینڈرز، 4 اسنارکل اور ایک واٹر باؤزر استعمال کیا جا رہا ہے، جبکہ پاکستان نیوی کی فائر بریگیڈ ٹیمیں بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ سندھ رینجرز نے بھی ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا ہے۔ حکام کے مطابق آگ کو مزید پھیلنے سے روک لیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد نیپا اور صفورہ ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ ایم اے جناح روڈ کو سینٹرل پلازہ تک عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ ریسکیو اور کولنگ کا عمل تاحال جاری ہے۔