Get Alerts

فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات طے

فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات طے

واشنگٹن: پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی آج امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات طے ہو گئی ہے۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ صدر ٹرمپ اس ملاقات کے دوران جنرل عاصم منیر کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے۔ اس موقع پر ٹرمپ انتظامیہ کے اہم عہدیدار بھی شریک ہوں گے۔

ظہرانے کی ملاقات کیبنٹ روم میں ہوگی، جہاں میڈیا کو شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ تاہم، امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ صدر ٹرمپ اس ملاقات سے متعلق تفصیلات سوشل میڈیا یا میڈیا کے ذریعے شیئر کریں گے۔

جنرل عاصم منیر نے اپنے امریکی دورے کے دوران واشنگٹن ڈی سی میں مقیم پاکستانی تارکین وطن سے ملاقات کی، جہاں انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کے کردار کو سراہا اور انہیں پاکستان کے سفیر قرار دیا۔ پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے آرمی چیف کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور ان کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا۔

فیلڈمارشل نے اپنے خطاب میں اوورسیز پاکستانیوں کی پاکستانی معیشت اور بین الاقوامی سطح پر ملک کی نیک نامی میں اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کا کردار ترسیلات زر، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں قابل قدر ہے، اور ان کے مسلسل تعاون سے پاکستان کے عالمی اثرورسوخ میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ملاقات کے اختتام پر فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ مزید تعاون اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے عزم کا اعادہ کیا، اور پاکستان کے محفوظ، خوشحال، اور مضبوط مستقبل کے لیے مل کر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

ٹیگز: