تہران: ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ ایران نہ دھمکیوں سے مرعوب ہوگا، نہ ہی ہتھیار ڈالے گا۔
سرکاری ٹیلی وژن پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے آیت اللّٰہ خامنہ ای نے واضح کیا کہ ایران مسلط کردہ جنگ یا مسلط کردہ امن کو کسی صورت تسلیم نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو دھمکیوں کی زبان سے بات کرنا پسند نہیں، اور امریکا کو یہ بات سمجھنی چاہیے کہ ایران سرنڈر کرنے والا ملک نہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر امریکا نے حملہ کیا تو اس کے سنگین اور ناقابلِ تلافی نتائج برآمد ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی عوام اپنے شہداء کے خون کو اور ملکی خودمختاری پر حملے کو ہرگز نہیں بھولیں گے۔
آیت اللّٰہ خامنہ ای نے اسرائیل کو بھی سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے بہت بڑی غلطی کی ہے اور اسے اس کا حساب ضرور دینا ہوگا۔
دوسری جانب، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو ’غیر مشروط ہتھیار ڈالنے‘ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی سپریم لیڈر ایک آسان ہدف ہیں، لیکن فی الحال انہیں قتل کرنے کا ارادہ نہیں۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا سے بہتر مصنوعات کوئی نہیں بنا سکتا، اور فی الحال ایران کے ساتھ بات چیت کا کوئی موڈ نہیں۔