اسلام آباد: کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے منسوب ایک مبینہ آڈیو کال منظرعام پر آئی ہے جس میں بعض افراد کے درمیان مبینہ طور پر صورتحال کو خراب کرنے اور احتجاجی حکمت عملی سے متعلق گفتگو سامنے آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق آڈیو میں ایڈووکیٹ شاہ نواز اور ماجد علی نامی افراد کے درمیان گفتگو سنی جا سکتی ہے، جس میں مبینہ طور پر سڑکیں اور ہسپتال بند کرنے کی منصوبہ بندی پر بات چیت کی جا رہی ہے۔
مبینہ ریکارڈنگ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ بعض عناصر حالات کو مزید کشیدہ کرنے اور عوام کو اشتعال دلانے کے لیے اشتعال انگیز نعروں کے استعمال پر غور کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق آڈیو میں رضاکارانہ گرفتاری دینے والے افراد کو اس عمل سے روکنے اور ریاستی اداروں کے خلاف اکسانے سے متعلق گفتگو بھی شامل ہے۔
تاہم اس آڈیو کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی، جبکہ متعلقہ فریقین کی جانب سے بھی فوری طور پر کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا۔