بھارت کے دورہ کے بعد کویتی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان

بھارت کے دورہ کے بعد کویتی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان
کیپشن: بھارت کے دورہ کے بعد کویتی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان
سورس: file

اسلام آباد: کویتی وزیرخارجہ  شیخ احمد نصر المحمد الصباح  اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ آج پاکستان پہنچ رہے ہیں۔

کویتی وزیر خارجہ کو دورہ کی دعوت پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی  نے دی تھی ۔ کویتی وزیر خارجہ کے ساتھ  خارجہ، تجارت، صحت، داخلہ اورصنعتی وفد بھی ہوگا۔

شیخ احمد نصر المحمد الصباح اپنے پاکستانی ہم منصب کے علاوہ دیگر حکام سے ملاقات کریں گے۔  کویت میں ایک لاکھ سے زیادہ پاکستانی روزگار کے لیے مقیم ہیں اور مزید جانا چاہتے ہیں۔

پاکستان کے دورہ سے پہلے کویتی وزیر خارجہ شیخ احمد نصر المحمد الصباح نے بھارت کا بھی دورہ کیا اور وہ نئی دہلی سے اسلام آباد پہنچیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا تھا کہ 2011 سے بند کویت کے پاکستان کے لیے ویزے جلد بحال ہو جائیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ویزوں کے بحال ہونے سے لوگوں کو روزگار ملنے کے علاوہ ویزے کی پابندی کے اثرات کم ہوں گے۔

شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کو ایمرجنسی سفری دستاویزات چاہیے تو 24 گھنٹے میں ہم ان کے سفری دستاویزات قانون کے مطابق جاری کرسکتے ہیں۔

 انہوں نے بتایا کہ وزارت داخلہ میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ محکموں میں جو لوگ لمبے عرصے سے بیٹھے ہیں ان سب کو تبدیل کرنے جارہے ہیں۔