واشنگٹن : امریکہ کے وسطی علاقوں میں شدید طوفانی بگولوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، جس کے نتیجے میں اب تک 37 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ طوفان کے باعث درجنوں مکانات تباہ، سڑکیں بند اور لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق، ریاست آرکنساس میں ایک ہولناک حادثے کے دوران 50 سے زائد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں 8 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ مسیسیپی میں 6 اور میسوری میں سب سے زیادہ 12 افراد ہلاک ہوئے۔
ریاستی حکام کے مطابق طوفانی بگولوں نے کئی علاقوں میں انفرااسٹرکچر کو بری طرح نقصان پہنچایا ہے۔ ایک درجن ریاستوں میں 7 لاکھ سے زائد گھروں اور کاروباری مراکز کو بجلی کی فراہمی منقطع ہو چکی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب امریکی محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئندہ دو روز تک بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شدید موسمی صورتحال کا یہ سلسلہ مزید چند دن تک جاری رہ سکتا ہے۔ امدادی ٹیمیں، نیشنل گارڈ اور دیگر ادارے ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں، جبکہ حکومت کی جانب سے ہنگامی صورتحال نافذ کر دی گئی ہے۔