Get Alerts

پانی روکا تو سنگین نتائج ہوں گے، بھارت کو واضح پیغام دے دیا ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر

پانی روکا تو سنگین نتائج ہوں گے، بھارت کو واضح پیغام دے دیا ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان اور آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے خبردار کیا ہے کہ اگر بھارت نے پاکستان کا پانی روکنے کی کوشش کی تو اس کے نتائج سالوں اور دہائیوں تک محسوس کیے جائیں گے۔

برطانوی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی حکومت پہلے ہی بھارت کو پانی کے معاملے پر اپنا مؤقف واضح کر چکی ہے اور فوج کی طرف سے مزید کچھ کہنے کی ضرورت نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 24 کروڑ پاکستانیوں کا پانی روکنے کا صرف کوئی پاگل ہی سوچ سکتا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ امید ہے کہ ایسا وقت کبھی نہ آئے، لیکن اگر آیا تو دنیا دیکھے گی کہ پاکستان کس طرح کا ردعمل دیتا ہے۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ بھارت ایسی جرات نہیں کر سکتا۔


ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستانی فوج جنگ بندی کے معاہدے کی مکمل پاسداری کرتی ہے اور سیاسی حکومت کی ہدایات پر عمل کرتی ہے۔ اگر کسی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی ہوئی تو جوابی کارروائی فوری اور اسی مقام پر ہوگی جہاں سے خلاف ورزی کی گئی ہو۔


ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا چھٹا گرنے والا طیارہ میراج 2000 تھا، جسے پاکستانی دفاع نے نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس مزید کارروائی کی صلاحیت موجود تھی، لیکن تحمل کا مظاہرہ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے تمام فضائی اڈے مکمل طور پر فعال ہیں اور پاک فضائیہ کے پاس ایسے وسائل موجود ہیں جو فوری ردعمل کو یقینی بناتے ہیں۔


لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا کہ بھارت کی کشمیر کو اندرونی معاملہ بنانے کی کوشش ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک بھارت بات چیت کے لیے تیار نہیں ہوتا، تنازع کے بھڑکنے کا خطرہ ہمیشہ رہے گا۔

ٹیگز: