کراچی: سکیورٹی کے شدید خدشات کے باعث بدنام زمانہ خاتون ڈرگ ڈیلر انمول پنکی کے خلاف تین مقدمات کی سماعت کا مقام تبدیل کر دیا گیا ہے، جس کے بعد اب ملزمہ کو سٹی کورٹ کے بجائے سینٹرل جیل میں ہی پیش کیا جائے گا۔
حساس صورتحال اور سکیورٹی اداروں کی جانب سے ملزمہ کی عدالت میں پیشی کو خطرناک قرار دیے جانے پر، سیشن جج کراچی ساؤتھ نے پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئے کارروائی جیل منتقل کرنے کی اجازت دی۔ عدالت نے جوڈیشل مجسٹریٹ کو حکم دیا ہے کہ وہ خود سینٹرل جیل کمپلیکس پہنچ کر ریمانڈ سے متعلق قانونی کارروائی مکمل کریں۔
آج ہونے والی سماعت میں پولیس ملزمہ کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرے گی۔ ریکارڈ کے مطابق، انمول پنکی کا دو مقدمات میں پہلے ہی جسمانی ریمانڈ منظور ہو چکا ہے، جبکہ 13 سے زائد دیگر مقدمات میں وہ عدالتی ریمانڈ پر جیل کاٹ رہی ہے۔
کیس میں دلچسپ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب ایک طرف سکیورٹی کی وجہ سے ملزمہ کو جیل میں رکھنے کی منظوری دی گئی، تو دوسری طرف پولیس نے انمول پنکی کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کے فیصلے کے خلاف سیشن عدالت سے رجوع کر لیا ہے تاکہ تفتیش کے لیے اس کی پولیس کسٹڈی دوبارہ حاصل کی جا سکے۔