کراچی:منشیات کی سمگلنگ میں ملوث بدنام زمانہ خاتون ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی کے خلاف دائر مقدمے کی سماعت کے دوران ویمن جیل انتظامیہ نے ملزمہ کی سیکیورٹی سے متعلق شدید خدشات کا اظہار کر دیا ہے۔
مقدمے کی سماعت کے دوران ویمن جیل کراچی کی سپرنٹنڈنٹ نے مقامی عدالت کے روبرو پیش ہو کر ایک اہم درخواست دائر کی، جس میں عدالت سے ملزمہ کو ذاتی حیثیت کے بجائے ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کرنے کی اجازت مانگی گئی ہے۔
عدالت میں جمع کرائی گئی درخواست میں جیل حکام نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ملزمہ انمول پنکی کو جیل سے نکال کر عدالت لانے اور لے جانے کے دوران سیکیورٹی کے سنگین مسائل پیدا ہو سکتے ہیں اور نقصِ امن کا شدید خطرہ ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے ملزمہ کی حاضری ویڈیو لنک کے ذریعے ہی لگائی جائے۔ عدالت نے جیل انتظامیہ کی درخواست کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے ریکارڈ کا حصہ بنا لیا ہے۔