لاہور: جیل کمپلیکس میں قائم مقامی عدالت کے جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو بدنام زمانہ ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی کے خلاف قتل کے مقدمے کی اہم سماعت ہوئی، جہاں عدالت نے ملزمہ کے جسمانی ریمانڈ سے متعلق پولیس کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے جو آج ہی سنائے جانے کا قوی امکان ہے۔
سماعت کے موقع پر پولیس کی جانب سے ملزمہ کو انتہائی سخت سکیورٹی انتظامات کے تحت عدالت میں پیش کیا گیا۔ تفتیشی ٹیم نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے کے مفرور ملزمان کی گرفتاری اور مزید شواہد کی روشنی میں تفتیش کو آگے بڑھانے کے لیے ملزمہ کا مزید جسمانی ریمانڈ درکار ہے، جس پر عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا۔
دوسری جانب، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) نے بھی مفرور ملزمہ انمول پنکی کی باقاعدہ گرفتاری کے لیے قانونی شکنجہ تیار کر لیا ہے۔ سی ٹی ڈی نے عدالت میں ایک باقاعدہ درخواست دائر کی ہے جس میں منشیات کے مقدمے کی پولیس فائل کی کاپی فراہم کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمہ سی ٹی ڈی کے پاس درج ایک مقدمے میں پہلے ہی مفرور چلی آ رہی ہے اور قتل کیس کے بعد اب سی ٹی ڈی بھی اسے اپنی تحویل میں لینے کے لیے متحرک ہو گئی ہے۔