Get Alerts

اقوام متحدہ ، پاکستان نے ایک بار پھر آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کردیا

اقوام متحدہ ، پاکستان نے ایک بار پھر آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کردیا

نیویارک : اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں خطاب کرتے ہوئے پاکستان نے ایک بار پھر آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ دہرایا۔ پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان نے غزہ امن منصوبے سے متعلق قرارداد کے حق میں ووٹ دیا ہے اور تنازع کے خاتمے کے لیے ٹرمپ کے امن منصوبے کا خیرمقدم کرتا ہے۔

عاصم افتخار نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کا مقصد غزہ میں جاری معصوم فلسطینیوں کے قتل عام کو روکنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام کی حمایت کے بغیر مشرقِ وسطیٰ میں دیرپا امن ممکن نہیں۔ انہوں نے سلامتی کونسل کی جانب سے قرارداد کی منظوری پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل سلامتی کونسل نے ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے کی حمایت میں قرارداد منظور کی تھی۔ اس قرارداد کے حق میں پاکستان سمیت 13 ممالک نے ووٹ دیا، مخالفت میں کوئی ووٹ نہیں آیا جبکہ روس اور چین نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

امریکی مندوب نے قرارداد کی منظوری کے بعد پاکستان، مصر، قطر، اردن، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکیہ اور انڈونیشیا کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ "آج ایک تاریخی اور تعمیری قرارداد منظور ہوئی ہے جو غزہ کے استحکام کے لیے اہم ثابت ہوگی۔"

قرارداد میں غزہ میں بین الاقوامی استحکام فورس کی تعیناتی اور عبوری حکومت کے قیام کے نکات شامل ہیں، تاہم فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس اور دیگر گروہوں نے اس قرارداد کو مسترد کر دیا ہے۔

حماس کے مطابق، یہ قرارداد فلسطینیوں کے جائز حقوق اور مطالبات کی نمائندگی نہیں کرتی بلکہ غزہ پر بین الاقوامی سرپرستی مسلط کرتی ہے۔ حماس نے یہ بھی کہا کہ غزہ میں انسانی امداد کا انتظام اقوام متحدہ کے زیرِ نگرانی فلسطینی اداروں کے حوالے ہونا چاہیے تاکہ امداد شفاف طریقے سے مستحقین تک پہنچے۔

ٹیگز: