تہران : ایران نے بھارتی شہریوں کے لیے ویزا فری انٹری کی سہولت کو 22 نومبر سے معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، ایران اور بھارت کے درمیان سفری قواعد میں تبدیلی کی گئی ہے، جس کے تحت اب بھارتی شہریوں کو ایران جانے یا وہاں سے تیسرے ملک جانے کے لیے پہلے ویزا حاصل کرنا ضروری ہوگا۔
ایران نے یہ اقدام ایسے متعدد واقعات کے بعد اٹھایا ہے، جن میں بھارتی شہریوں کو ملازمت کے جھوٹے وعدوں یا "ڈنکی" کے ذریعے دوسرے ممالک تک پہنچانے کے بہانے ایران بلایا گیا تھا۔ ایران پہنچنے کے بعد ان افراد میں سے کچھ کو اغوا کر کے ان سے تاوان کا مطالبہ کیا گیا۔
بھارت کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران کا یہ فیصلہ جرائم پیشہ عناصر کی جانب سے ویزا فری انٹری کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔ ایران نے یہ فیصلہ اس بات کا نوٹس لیتے ہوئے کیا کہ بھارتی شہریوں کے ساتھ ہونے والی دھوکہ دہی کی کارروائیوں نے ایران کی سرحدوں پر مشکلات پیدا کی ہیں۔
اس تبدیلی کے بعد، 22 نومبر سے عام بھارتی پاسپورٹ رکھنے والے تمام افراد کو ایران جانے کے لیے پہلے ویزا حاصل کرنا لازمی ہوگا۔