اسلام آباد: پاکستان نے سائنس و ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے "انٹرنیشنل کانفرنس آن اپلیکیشنز آف سپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی" (ICAST) 2025 کی میزبانی کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ یہ تین روزہ عالمی ایونٹ 18 تا 20 نومبر 2025 کو اسلام آباد میں سپارکو اور اسلام آباد سپیس اینڈ ٹیکنالوجی کے اشتراک سے منعقد ہو گا۔
کانفرنس کا مقصد عالمی سطح پر خلائی سائنس اور جدید ٹیکنالوجی کے کردار کو اجاگر کرنا اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ ایونٹ میں 25 ممالک سے 70 سے زائد مندوبین اور دو ہزار سے زائد شرکاء کی شرکت متوقع ہے۔ اس موقع پر سائنسی معاہدوں اور مشترکہ پراجیکٹس کے آغاز کی بھی امید کی جا رہی ہے۔
پاکستان کے خلائی شعبے میں عالمی ماہرین کی شرکت سے نئے سرمایہ کاری کے مواقع سامنے آنے کی توقع ہے۔ کانفرنس کے دوران سیٹلائٹ ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت (AI)، ڈیٹا سائنس اور خلائی تحقیق پر تفصیل سے بحث کی جائے گی۔ اس کے علاوہ، مشترکہ تحقیق، صلاحیت سازی، بین الاقوامی تعاون اور ٹیکنالوجی کے تبادلے کے لیے ایک جامع حکمت عملی مرتب کی جائے گی جو پاکستان کے خلائی پروگرام کو نئی رفتار دے گی۔
عالمی سطح پر شراکت داری کے امکانات بڑھنے سے پاکستان کی خلائی سائنس اور ٹیکنالوجی میں عالمی سطح پر ساکھ بڑھے گی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ کانفرنس پاکستان کو خطے میں سائنسی ترقی کا مرکز بنانے کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گی۔
پاکستان میں اس ایونٹ کی میزبانی کو سائنسی ترقی کے حوالے سے ایک بڑی کامیابی سمجھا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف پاکستان کا عالمی سطح پر مقام مستحکم ہو گا بلکہ خلائی شعبے میں بھی ملک کی استعداد میں نمایاں اضافہ ہو گا۔