Get Alerts

پاکستان شاہینز کی شاندار فتح، یو اے ای کو 9 وکٹوں سے شکست

پاکستان شاہینز کی شاندار فتح، یو اے ای کو 9 وکٹوں سے شکست

دوحا : پاکستان شاہینز ٹیم نے ایشیا کپ رائزنگ سٹارز میں اپنی ناقابل شکست کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

قطر کے دارالحکومت دوحا کے ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں یو اے ای نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ تاہم پاکستانی باؤلرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کو صرف 59 رنز پر 18 اوورز میں ڈھیر کر دیا۔

پاکستان شاہینز نے 60 رنز کا ہدف صرف 5.2 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر مکمل کر لیا۔

پاکستان شاہینز کی طرف سے سافین مقیم نے 12 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ احمد دانیال اور معاذ صداقت نے بالترتیب 7 اور 19 رنز دے کر 2،2 کھلاڑی آؤٹ کیے۔ شاہدعزیز، محمد شہزاد اور عرفات منہاس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان شاہینز کی اننگز میں معاذ صداقت کی شاندار بیٹنگ نے سب کو متاثر کیا۔ انہوں نے 4 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 37 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ معاذ نے اس سے پہلے عمان کے خلاف 96 اور بھارت اے کے خلاف 79 رنز بنائے تھے اور دونوں مرتبہ ناٹ آؤٹ رہے تھے۔

محمد نعیم ایک چھکے کے ساتھ 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ غازی غوری 3 چوکوں کی مدد سے 16 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

ایشیا کپ رائزنگ سٹارز کے دونوں سیمی فائنلز 21 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان نے اپنے ابتدائی دونوں میچوں میں عمان اور روایتی حریف بھارت کو شکست دی تھی۔

ٹیگز: