کاکول: پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول میں 152ویں لانگ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی، جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔ یہ موقع پی ایم اے کی تاریخ کا ایک اہم لمحہ تھا، جہاں ملک و بیرونِ ملک سے آئے کیڈٹس نے عسکری تربیت مکمل کرنے کے بعد اپنی نئی زندگی کا آغاز کیا۔
پریڈ میں 37ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس، 71ویں انٹیگریٹڈ کورس، اور 26ویں لیڈی کیڈٹ کورس کے کیڈٹس نے بھی شرکت کی۔ مہمانِ خصوصی نے شاندار پریڈ کا معائنہ کیا اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی بابر کمپنی کو قائداعظم گولڈ میڈل سے نوازا۔
تقریب میں عراق، مالدیپ، یمن، فلسطین سمیت مختلف دوست ممالک کے 40 غیر ملکی کیڈٹس نے بھی شرکت کی، جس سے پی ایم اے کی بین الاقوامی ساکھ کا اظہار ہوتا ہے۔ کیڈٹس نے پرجوش اور منظم مارچ پاسٹ کے ذریعے اپنی عسکری تربیت اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔
اس یادگار موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کیڈٹس کو مبارکباد دی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وطن کی خدمت اور قربانی کا جذبہ ہی فوجی افسر کی اصل پہچان ہے۔