اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے شمالی و جنوبی وزیرستان کی سرحدی پٹی میں گل بہادر کے کیمپ پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کے دوران خارجی دہشت گردوں نے پاکستان میں دہشت گرد حملے کرنے کی کوشش کی، لیکن سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے حملوں کو پسپا کر دیا۔
عطا تارڑ نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 100 سے زائد خارجی دہشت گرد مارے گئے جبکہ گزشتہ شب ہونے والے فضائی حملوں میں 60 سے 70 خارجی دہشت گرد اور ان کی قیادت کو بھی ہلاک کیا گیا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں خارجی دہشت گردوں کے حملے میں ایک شہری اور ایک جوان شہید ہوگئے جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ انہوں نے شہریوں کو نشانہ بنانے سے متعلق تمام قیاس آرائیوں کو بے بنیاد قرار دیا۔
عطا تارڑ نے واضح کیا کہ پاکستان مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے لیکن ملک کی سرحدی سالمیت اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کا مکمل حق رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان سے کارروائی کرنے والے دہشت گردوں کو پاکستان میں سکون سے نہیں رہنے دیا جائے گا۔