اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی عوام اور مسلح افواج ہمیشہ ملک کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کا عزم ہے کہ کسی بھی صورت ملک کے امن اور تحفظ پر آنچ نہیں آنے دی جائے گی، اور ہماری افواج کسی بھی جارحانہ عزائم کو خاک میں ملانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ افواج پاکستان، آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں قومی جذبے کے ساتھ اپنے فرائض ادا کر رہی ہیں۔ افواج پاکستان پیشہ ورانہ صلاحیتوں، اعلیٰ تربیت اور مؤثر دفاعی حکمت عملی سے لیس ہیں اور وہ کسی بھی اندرونی یا بیرونی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کو فروغ دیا ہے، لیکن ملکی سالمیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اور ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان ہر جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گی، اور پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اور ملکی تحفظ کے لیے افواج پاکستان ہر ممکن اقدام کرے گی۔