ویرات کوہلی نے ٹی 20 ٹیم کی کپتانی چھوڑنے کا اعلان کیوں کیا؟ اندرونی کہانی سامنے آ گئی

ویرات کوہلی نے ٹی 20 ٹیم کی کپتانی چھوڑنے کا اعلان کیوں کیا؟ اندرونی کہانی سامنے آ گئی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

ممبئی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) ٹی 20ورلڈ کپ کے بعد مختصر فارمیٹ کی ٹیم کی قیادت سے دستبردار ہونے کی وجہ سامنے آ گئی ہے اور انکشاف ہوا ہے کہ بہت سے کھلاڑی ان کے روئیے سے نالاں ہیں۔ 
بھارتی میڈیا کے مطابق ویرات کوہلی نے سلیکٹرز کو تجویز پیش کی تھی کہ وہ روہت شرما کو نائب کپتانی سے ہٹا دیں اور کے ایل راہول کو نائب کپتانی سونپی جائے جبکہ وہ مختصر فارمیٹ میں ٹیم کی قیادت رشبھ پنت کو سونپنا چاہتے تھے مگر انہیں ناصرف کئی کھلاڑیوں کی حمایت حاصل نہیں تھی بلکہ بورڈ نے بھی کوہلی کی یہ تجویز ماننے سے انکار کر دیا۔ 
رپورٹ کے مطابق ٹیم میں شامل جونیئر کھلاڑی بھی ویرات کوہلی کے روئیے سے نالاں ہیں جن کا کہنا ہے کہ وہ انہیں مشکل وقت میں بیچ منجدھار میں چھوڑ دیتے ہیں حالانکہ سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی کے دروازے کھلاڑیوں کیلئے ہمیشہ کھلے رہتے تھے، اور ہر کوئی ان کیساتھ کرکٹ کے بارے میں بات چیت کر سکتا تھا۔ 
ٹیم کے سابق کھلاڑی کے مطابق میدان سے باہر ویرات کوہلی سے رابطہ کرپانا کھلاڑیوں کیلئے مشکل ہوتا ہے لیکن روہت شرما میں دھونی کی جھلک نظر آتی ہے جو ناصرف جونیئر کھلاڑیوں کو کھانے پر لے جاتے ہیں بلکہ جب وہ مایوس یا آؤٹ آف فارم ہوتے ہیں تو ان کی حوصلہ افزائی بھی کرتے ہیں۔ 
واضح رہے کہ ویرات کوہلی نے گزشتہ روز ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد مختصر فارمیٹ کی کپتانی سے دستبردار ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ بطور کھلاڑی ٹیم کیلئے دستیاب ہوں گے جبکہ ان کی جگہ روہت شرما کو ٹی 20 کا کپتان بنائے جانے کا قومی امکان ہے۔