لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان پر حملہ کر کے بڑی حماقت کی، جس کے نتیجے میں نریندر مودی کی غلطی نے پاکستان کو اپنی بھرپور دفاعی صلاحیتیں دنیا کو دکھانے کا موقع فراہم کیا۔ لاہور میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے دفاعِ وطن اور بدلتے ہوئے عالمی حالات پر کھل کر گفتگو کی۔
خواجہ سعد رفیق نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا معرکہ حق میں پاک فوج نے اپنے سے پانچ گنا بڑی فوج کو شکست دے کر ثابت کر دیا کہ جذبہ ایمان اور دفاعی قوت کا کوئی مقابلہ نہیں ہے۔آج دنیا بھر میں پاکستان کی دھاک بیٹھی ہوئی ہے اور ملکی و بین الاقوامی سطح پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی جوڑی کے چرچے ہو رہے ہیں۔
عالمی سیاست پر روشنی ڈالتے ہوئے ن لیگی رہنما نے دعویٰ کیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج پاکستان کی قیادت کی صلاحیتوں کے معترف ہیں اور آئے روز ان کی تعریفیں کر رہے ہیں۔ دنیا ایک نئے نظام کی طرف بڑھ رہی ہے جہاں اب امریکہ واحد سپر پاور نہیں رہے گا بلکہ کئی بڑی طاقتیں (Multi-polar world) ابھر کر سامنے آئیں گی۔
خطاب کے دوران خواجہ سعد رفیق نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر بھی بات کی انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ 'گریٹر اسرائیل' کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا اور اسے ہر صورت چکنا چور ہونا پڑے گا۔انہوں نے خوش آئند قرار دیا کہ اب عرب ممالک کو بھی مسلم اتحاد کی اہمیت کا بخوبی اندازہ ہو گیا ہے، جو کہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔