ویسٹ انڈیز کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کا امکان

ویسٹ انڈیز کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کا امکان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

جمیکا: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ کیلئے قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کئے جانے کا امکان ہے تاہم اس کا حتمی فیصلہ میچ سے کچھ دیر قبل کیا جائے گا۔ 
ذرائع کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ کل سے کھیلا جائے گا جس کیلئے قومی ٹیم کی فائنل الیون میں یاسر شاہ کی جگہ نعمان علی کو شامل کئے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ پاکستان ٹیم آج سہ پہر جمیکا میں ٹریننگ کرے گی تاہم اس سے قبل نائب کپتان محمد رضوان آن لائن میڈیا سیشن میں حصہ لیں گے۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم نے پہلے ٹیسٹ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد قومی ٹیم کو 1 وکٹ سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر رکھی ہے۔ سبینا پارک میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے پہلی اننگز میں 217 رنز بنائے۔ 
ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے پاکستان کے 217 رنز کے جواب میں پہلی اننگز میں 253 رنز بنائے جس کے بعد قومی ٹیم نے دوسری اننگز میں 203 رنزبنا کر ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 167 رنز کا ہدف دیا جو ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔