لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بارشوں کے دوران تیز ترین نکاسی آب آپریشن یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔ وزیراعلیٰ نے راولپنڈی، اٹک اور گجرات کے ڈپٹی کمشنرز سے براہ راست رابطہ کرکے بارش کے بعد نکاسی آب کی صورتحال پر رپورٹ لی۔
مریم نواز نے بیشتر علاقوں میں بارش کے چند ہی گھنٹوں بعد پانی نکالنے پر متعلقہ انتظامیہ کو شاباش دی اور عوام کی سہولت کے لیے نکاسی آب کے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ پنجاب نے نالہ لئی میں ممکنہ برساتی طغیانی کے پیش نظر حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کا حکم بھی دیا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ بارش کے دوران اور بعد میں صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جائے اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے میں کوئی کوتاہی نہ کی جائے۔