کلبھوشن کیس، عالمی عدالت میں آج پاکستانی وکیل دلائل دیں گے

 کلبھوشن کیس، عالمی عدالت میں آج پاکستانی وکیل دلائل دیں گے
کیپشن: کلبھوشن یادیو کو 3 مارچ 2016 کو بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

دی ہیگ: عالمی عدالت انصاف میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کیس کی سماعت آج پھر ہو گی۔ گزشتہ روز روز بھارتی وکیل نے عالمی عدالت انصاف میں کلبھوشن یادیو سے متعلق دلائل دیے۔ بھارتی دلائل پر پاکستان کی جانب سے آج کلبھوشن کی تخریب کاری سے متعلق شواہد پیش کیے جائیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت وضاحت پیش نہ کر سکا کہ کلبھوشن یادیو کو پاسپورٹ کیسے ملا اور وہ اس پاسپورٹ پر 17 مرتبہ دہلی کیسے گیا۔

خیال رہے کہ بھارت کو 20 فروری کو اپنا مؤقف دوبار ہ پیش کرنے کا موقع دیا جائے گا اور پھر پاکستان 21 فروری کو اپنے حتمی دلائل پیش کرے گا۔

بھارتی خفیہ ایجنسی 'را' کے جاسوس کلبھوشن یادیو کو 3 مارچ 2016 کو بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا۔

کلبھوشن پر پاکستان میں دہشت گردی اور جاسوسی کے سنگین الزامات ہیں اور بھارتی جاسوس تمام الزامات کا مجسٹریٹ کے سامنے اعتراف بھی کر چکا ہے۔

10 اپریل 2017 کو کلبھوشن یادیو کو جاسوسی اور کراچی اور بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہونے پر سزائے موت سنانے کا اعلان کیا گیا تھا۔