واشنگٹن : نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کے دوران انڈونیشیا اور مصر کے وفود سے ملاقاتیں ہوئیں، جن میں غزہ کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، اسحاق ڈار کی انڈونیشیا کے وزیرِ خارجہ سوجیونو سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر بات کی گئی۔ ملاقات میں غزہ اور مغربی کنارے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ فلسطین میں منصفانہ اور پائیدار امن کے لیے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تعاون بڑھایا جائے گا۔ اس موقع پر دسمبر 2025 میں انڈونیشیا کے صدر پرابوو سبیانتو کے پاکستان کے دورے کو دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید مضبوطی کا اشارہ قرار دیا گیا۔
علاوہ ازیں، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی مصر کی وزیرِ خارجہ بدر عبدالعاطی سے ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ملاقات میں غزہ اور مغربی کنارے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اور اس بات پر زور دیا گیا کہ بین الاقوامی قانون کی پاسداری اور فوری انسانی امداد کی فراہمی ضروری ہے۔ دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطہ کاری کی اہمیت پر بھی زور دیا۔