Get Alerts

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی ترک اور سعودی ہم منصبوں سے اہم گفتگو؛ خطے کی صورتحال اور پاک ،امریکہ،ایران مفاہمت پر تبادلہ خیال

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی ترک اور سعودی ہم منصبوں سے اہم گفتگو؛ خطے کی صورتحال اور پاک ،امریکہ،ایران مفاہمت پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان اور سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے الگ الگ ٹیلیفونک رابطے کیے ہیں، جن میں خطے کی مجموعی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور اور اہم سفارتی پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان سے گفتگو کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ ترین سکیورٹی اور سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان، امریکہ اور ایران کے درمیان مفاہمت کی جانب ہونے والی پیش رفت کا گرمجوشی سے خیرمقدم کرتا ہے۔ یہ مثبت پیش رفت خطے میں پائیدار امن، تحفظ اور اقتصادی استحکام کی راہ ہموار کرے گی۔
دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر مکمل اتفاق کیا کہ پاکستان اور ترکیہ علاقائی امن کے لیے مستقبل میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ قریبی اور مستقل رابطہ برقرار رکھیں گے۔
دوسری جانب، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان سے بھی ٹیلیفون پر تفصیلی گفتگو کی۔ سعودی وزیر خارجہ نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن و امان کے قیام کے لیے پاکستان کی مخلصانہ ثالثی کوششوں کو متبادل اور مؤثر قرار دیتے ہوئے ان کی بھرپور ستائش کی۔
دونوں رہنماؤں کے مابین مصر میں منعقد ہونے والے علاقائی چار ملکی وزرائے خارجہ اجلاس 'آر فور' (R4) کے ایجنڈے اور اس کے خطے پر اثرات کے حوالے سے بھی گہرا تبادلہ خیال کیا گیا۔سفارتی ذرائع کے مطابق، ان ٹیلیفونک رابطوں سے یہ واضح ہوتا ہے کہ پاکستان مشرقِ وسطیٰ اور وسیع تر خطے میں امن قائم کرنے اور برادر اسلامی ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کے لیے اپنی سفارتی کوششیں تیز تر کر رہا ہے۔

ٹیگز: