Get Alerts

محسن نقوی کا اسلام آباد میں نئے تعمیر شدہ اور زیر تعمیر تھانوں کا دورہ ، ان کی حالت کا جائزہ لیا

 محسن نقوی کا اسلام آباد میں نئے تعمیر شدہ اور زیر تعمیر تھانوں کا دورہ ، ان کی حالت کا جائزہ لیا

اسلام آباد : اسلام آباد میں پولیس تھانوں کی حالت بہتر کرنے کے لئے اقدامات تیز ہو گئے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں نئے تعمیر شدہ اور زیر تعمیر تھانوں کا دورہ کیا اور ان کی حالت کا جائزہ لیا۔

وزیر داخلہ نے تھانہ کوہسار، ویمن پولیس سٹیشن جی سکس، اور تھانہ کورال کی زیر تعمیر عمارتوں کا معائنہ کیا۔ تھانہ کوہسار کی نئی عمارت میں جدید سہولتوں کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے وہاں سائلین کے لئے مزید سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ جدید پولیسنگ کے فروغ کے لئے نو تعمیر شدہ تھانوں میں عوامی سہولتوں کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

محسن نقوی نے ویمن پولیس سٹیشن جی سکس کی تعمیر جلد مکمل کرنے کا حکم بھی دیا اور اس کے لیے ضروری وسائل کی فراہمی کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنانے کی بات کی۔ انہوں نے تھانہ کورال کی نئی عمارت کو دو ماہ میں مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیسنگ کے نظام کو عوام دوست بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ تھانوں کا قیام کیا جا رہا ہے، اور ان تھانوں میں جدید انفراسٹرکچر اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے اسلام آباد کے پولیس سسٹم کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جائے گا۔

اس موقع پر آئی جی اسلام آباد پولیس، چیئرمین سی ڈی اے، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

ٹیگز: