کراچی :کراچی کے گل پلازہ سانحے میں اب تک 23 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ 65 لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس ایک کروڑ روپے امداد دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ امدادی رقوم کی ادائیگی کل سے شروع کر دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ متاثرہ دکانداروں کو کاروبار کے لیے متبادل جگہ فراہم کی جائے گی اور گل پلازہ کی ازسرِنو تعمیر کرائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پلازہ کی 40 فیصد عمارت گر چکی ہے جبکہ باقی حصہ بھی مخدوش قرار دیا گیا ہے۔
مراد علی شاہ نے واضح کیا کہ جس کی بھی غفلت یا کوتاہی ثابت ہوئی اسے سزا دی جائے گی۔ واقعے کی تحقیقات کے لیے کمشنر کراچی کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ اموات کی تعداد 50 تک بڑھنے کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر ریسکیو اور امدادی سرگرمیاں تیز کر دی گئی ہیں۔