Get Alerts

ملک گیر ہڑتال پر تقسیم، کراچی و لاہور میں مارکیٹیں بند، پشاور میں سرگرمیاں جاری

ملک گیر ہڑتال پر تقسیم، کراچی و لاہور میں مارکیٹیں بند، پشاور میں سرگرمیاں جاری

کراچی / لاہور / پشاور: کراچی اور لاہور میں چیمبرز آف کامرس کی ہڑتال کی کال پر بڑی مارکیٹیں بند رہیں، جبکہ پشاور اور دیگر شہروں میں کاروبار معمول کے مطابق جاری رہا۔ ملک گیر ہڑتال پر تاجر برادری میں واضح تقسیم سامنے آئی ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) کے اختیارات میں اضافے اور ٹیکس پالیسیوں کے خلاف کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (KCCI) اور لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (LCCI) نے احتجاجی ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔ نتیجتاً، کراچی کے اولڈ سٹی ایریا، زینب مارکیٹ، نارتھ کراچی انڈسٹریل ایریا سمیت متعدد اہم تجارتی مراکز بند رہے۔

کراچی چیمبر کے صدر جاوید بلوانی نے جمعہ کی شب پریس کانفرنس میں واضح کیا تھا کہ ہڑتال پرامن ہوگی، لیکن مطالبات منظور نہ کیے جانے کی صورت میں احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جا سکتا ہے۔

ادھر پشاور چیمبر آف کامرس نے ہڑتال مؤخر کرتے ہوئے نئی تاریخ 15 اگست مقرر کی ہے۔ شہر میں تمام مارکیٹیں کھلی رہیں، جبکہ دیگر کئی شہروں میں بھی کاروبار معمول کے مطابق جاری رہا۔

ذرائع کے مطابق حکومت اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد فیڈریشن نے ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان کیا تھا، تاہم بڑے شہروں کے چیمبرز حکومت سے غیر مطمئن دکھائی دیئے۔

تاجر تنظیموں کا مطالبہ ہے کہ FBR کو حاصل نئے اختیارات پر فوری نظرثانی کی جائے اور ان سے مشاورت کے بعد کوئی پالیسی مرتب کی جائے۔ تاجروں نے مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں آئندہ ہفتوں میں ملک گیر ہڑتال کی وارننگ بھی دی ہے۔

ٹیگز: