اٹلانٹا: فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ اے میں چیک ری پبلک اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلا گیا دلچسپ مقابلہ 1-1 گول سے برابر ختم ہوگیا، جس کے بعد دونوں ٹیموں نے ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا پوائنٹ حاصل کر لیا۔
پہلا میچ ہارنے والی دونوں ٹیمیں کامیابی کے عزم کے ساتھ میدان میں اتریں، تاہم مقررہ وقت تک کوئی بھی ٹیم فیصلہ کن برتری برقرار نہ رکھ سکی۔
چیک ری پبلک نے میچ کے آغاز ہی میں جارحانہ کھیل پیش کیا اور چھٹے منٹ میں میکال سیڈیلیک کے گول کی بدولت سبقت حاصل کر لی۔ پہلے ہاف کے اختتام تک یہی برتری برقرار رہی۔
میچ کے اختتامی لمحات میں جنوبی افریقا کو اس وقت سنہری موقع ملا جب 83ویں منٹ میں چیک کھلاڑی پاویل شُلتس کے ہینڈ بال پر ریفری نے پنالٹی کا فیصلہ دیا۔ جنوبی افریقا کے ٹیبوہو موکوینا نے پنالٹی کو کامیابی سے گول میں تبدیل کر کے مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔
موکوینا کے اس اہم گول نے جنوبی افریقا کی ایونٹ میں آگے بڑھنے کی امیدوں کو زندہ رکھا، جبکہ دونوں ٹیمیں شکست کے بجائے ایک ایک پوائنٹ حاصل کر کے میدان سے واپس لوٹیں۔