براسیلیا: برازیل کے ہیڈ کوچ کارلو اینچلوتی نے کہا ہے کہ اسٹار فارورڈ نیمار کی فٹنس میں نمایاں بہتری آئی ہے اور وہ فیفا ورلڈ کپ 2026 میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف گروپ سی کے آخری میچ کے لیے دستیاب ہو سکتے ہیں۔
نیمار مئی کے وسط میں پنڈلی کی انجری کا شکار ہونے کے بعد ٹیم سے باہر تھے، جس کے باعث وہ مراکش اور ہیٹی کے خلاف ابتدائی گروپ میچز میں حصہ نہیں لے سکے۔
کارلو اینچلوتی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ نیمار کی بحالی کا عمل تسلی بخش انداز میں آگے بڑھ رہا ہے۔ ان کے مطابق اسٹار کھلاڑی جلد انفرادی ٹریننگ شروع کریں گے، جس کے بعد پیر سے ٹیم کے ساتھ باقاعدہ پریکٹس میں شامل ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ توقع ہے نیمار مکمل فٹ ہو کر اسکاٹ لینڈ کے خلاف اہم میچ کے لیے انتخاب کے لیے دستیاب ہوں گے۔
واضح رہے کہ نیمار اکتوبر 2023 کے بعد سے برازیل کی قومی ٹیم کی نمائندگی نہیں کر سکے اور حالیہ عرصے میں انجری سے مکمل صحت یابی کے لیے سخت محنت کر رہے تھے۔
دوسری جانب برازیل نے ورلڈ کپ مہم کا آغاز مراکش کے خلاف 1-1 کے ڈرا سے کیا تھا جبکہ ہیٹی کے خلاف 3-0 سے کامیابی حاصل کی تھی۔