Get Alerts

ٹرمپ نے اسرائیل کو ایران کے توانائی تنصیبات پر مزید حملوں سے روک دیا

ٹرمپ نے اسرائیل کو ایران کے توانائی تنصیبات پر مزید حملوں سے روک دیا

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے اہم گیس فیلڈ پر حالیہ حملے کے بعد اسرائیل کو ایران کی توانائی تنصیبات پر مزید کارروائیاں کرنے سے روک دیا ہے۔ امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو پہلے ہی واضح پیغام دیا جا چکا ہے، اس لیے مزید حملوں کی ضرورت نہیں۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے بدھ کے روز ایران کے جنوبی پارس گیس فیلڈ کو نشانہ بنایا، جو دنیا کے سب سے بڑے گیس ذخائر میں شمار ہوتا ہے اور ایران کی توانائی کا اہم ذریعہ ہے۔ اخبار نے لکھا کہ امریکی صدر کو اس حملے کا پہلے سے علم تھا، تاہم انہوں نے کہا کہ اگر ایران آبنائے ہرمز میں مزید اشتعال انگیز اقدامات کرے تو وہ دوبارہ ایرانی توانائی تنصیبات پر حملے کی حمایت کر سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ اسرائیلی حملے کے بعد ایران نے خطے کی ان تمام تیل اور گیس کی تنصیبات کو اپنا ہدف قرار دیا ہے جو امریکی کمپنیوں کی ملکیت یا انتظام میں ہیں۔ اسی سلسلے میں ایران نے قطر کے راس لفان انڈسٹریل سٹی پر میزائل حملہ کیا، جس کے بعد وہاں آگ بھڑک اٹھی۔

ٹیگز: