Get Alerts

جنگ کا 20 واں روز : ایران اور خطے میں توانائی تنصیبات پر حملوں کے بعد کشیدگی میں اضافہ

جنگ کا 20 واں روز : ایران اور خطے میں توانائی تنصیبات پر حملوں کے بعد کشیدگی میں اضافہ

ریاض/تہران/واشنگٹن: مشرق وسطیٰ میں کشیدگی بیس دن سے جاری ہے، اور ایران نے توانائی تنصیبات پر نئی کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ پارس گیس فیلڈ پر حملے کے بعد آپریشن وعدہ صادق 4 کے تحت ایرانی پاسداران انقلاب نے خطے میں امریکی اور اسرائیلی منسلک توانائی تنصیبات کو نشانہ بنایا، جس کے دوران قطر کے راس لفان انڈسٹریل سٹی میں آگ بھڑک اٹھی اور بعض ایرانی سفارت کاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا گیا۔

پاسداران انقلاب نے کارروائی کو امریکی اور اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے انٹیلی جنس اہلکاروں کے نام منسوب کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ ایران جنگ کو تیل اور توانائی تنصیبات تک پھیلانا نہیں چاہتا، اور نہ ہی دوست یا ہمسایہ ممالک کی معیشت کو نقصان پہنچانا چاہتا، لیکن دفاع کے لیے یہ اقدام ناگزیر ہو گیا ہے۔

سعودی عرب میں عرب اور اسلامی وزرائے خارجہ کا اجلاس ہوا، جس میں علاقائی سلامتی اور استحکام پر غور کیا گیا۔ سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ خلیجی ممالک پر ایرانی حملے ناقابل قبول ہیں اور سعودی عرب کو فوجی کارروائی کا حق محفوظ ہے۔

اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ ایران نے خلیجی ممالک کے سول انفراسٹرکچر، ہوائی اڈوں، تیل تنصیبات، سفارتخانوں اور عوامی مقامات کو نشانہ بنایا، جو کسی صورت جائز نہیں۔ اعلامیے میں ایران سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ بین الاقوامی قوانین اور ہمسایہ ممالک کا احترام کرے، حملے فوری طور پر بند کرے، آبنائے ہرمز محفوظ بنائے اور عالمی تجارت میں خلل نہ ڈالے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وال سٹریٹ جرنل کے مطابق ایران کو توانائی تنصیبات پر حملوں سے پہلے ہی پیغام دیا ہے، اور فی الحال مزید حملے نہ کرنے کی ہدایت کی ہے، تاہم اگر ایران آبنائے ہرمز بند کرے تو دوبارہ حملے کی حمایت ممکن ہے۔

فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے صدر ٹرمپ اور امیر قطر سے فون پر بات چیت کی اور گیس فیلڈ حملوں کے اثرات پر تبادلہ خیال کیا۔

ایران اور قطر کی گیس فیلڈ پر حملوں کے بعد عالمی سطح پر کروڈ آئل اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ اسرائیلی حملے کے بعد ایران کی 25 ہزار ملین مکعب فٹ سے زائد گیس کی پیداوار معطل ہو گئی۔

ابوظہبی کی حبشان گیس تنصیبات اور باب فیلڈ پر میزائل کے ملبے گرنے سے تنصیبات عارضی طور پر بند کر دی گئیں، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں۔
عراق میں ام القصر بندرگاہ کے قریب ڈرون حملہ ہوا، کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں۔
اسرائیل میں ایرانی ڈرون حملے میں ایک غیر ملکی شہری ہلاک ہوا، شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان، ترکی اور مصر کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ فون رابطے کیے اور علاقائی کشیدگی، امریکی و اسرائیلی حملوں اور ممکنہ بین الاقوامی اثرات پر تبادلہ خیال کیا۔ ایران نے علاقائی تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

ایران کی گیس فیلڈ پر حملے کے بعد قطر کی گیس تنصیبات بھی نشانہ بنیں، جس کے بعد قطر نے ایرانی سفارتکاروں کو ناپسندیدہ قرار دے کر ملک چھوڑنے کا مطالبہ کیا، اور خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔

ٹیگز: