لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خطے کی سب سے بڑی اور جدید کلائمیٹ آبزرویٹری کے قیام کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔ اس منصوبے کے تحت ایک جدید سائنسی مرکز بھی قائم کیا جائے گا، جو موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق بروقت اور سائنسی بنیادوں پر معلومات فراہم کرے گا۔
اس سلسلے میں سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا، جس میں منصوبے کی فزیبلٹی، بجٹ، زمین کی فراہمی اور سائنسی آلات کی دستیابی سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کلائمیٹ آبزرویٹری پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ہاؤس میں قائم کی جائے گی، جبکہ اس کا مرکزی انفراسٹرکچر ای آئی سی ٹی (EICT) میں تعمیر کیا جائے گا۔ اس جدید مرکز میں خودکار کمیونیکیشن اور لنکج سسٹم، جی آئی ایس لیب، سیکٹورل انٹرفیس، جدید ڈیٹا ہب اور ایم آر آئی سسٹم جیسے جدید آلات نصب کیے جائیں گے۔
منصوبے کا ایک اور نمایاں پہلو ماحولیاتی ماہرین کی تیاری کے لیے انٹرن شپ پروگرام کا آغاز ہے، جس کے ذریعے مختلف شعبہ جات میں ماہر افراد کو تربیت دی جائے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ادارے کو جدید ترین مینجمنٹ ماڈل کے تحت چلایا جائے گا اور بین الاقوامی معیار کے پروفیشنل سٹاف کی بھرتی کی جائے گی۔ مریم اورنگزیب نے سمارٹ آرگینوگرام کی تشکیل کی ہدایت بھی جاری کی تاکہ ادارے کی ساخت جدید تقاضوں کے مطابق ہو۔
علاوہ ازیں، ڈیٹا آرکائیو سسٹم، کوآرڈینیشن یونٹ اور انٹرنیشنل کمیونیکیشن سیل کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔ ماہرین کے مطابق، اس آبزرویٹری کی مدد سے موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات کی بروقت پیشگوئی، تجزیہ اور مؤثر پالیسی سازی ممکن ہو سکے گی۔
سینئر وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے ایک جامع اور مربوط پلان دیا ہے، اور یہ منصوبہ ماحولیاتی تحفظ کی جانب ایک انقلابی قدم ہے۔