Get Alerts

پنجاب یونیورسٹی سائنسی تحقیق میں پاکستان کی نمبر ون یونیورسٹی قرار

پنجاب یونیورسٹی سائنسی تحقیق میں پاکستان کی نمبر ون یونیورسٹی قرار

لاہور: پنجاب یونیورسٹی نے تحقیق کے میدان میں ایک اور نمایاں کامیابی حاصل کر لی، عالمی ادارے نیچر پبلشنگ گروپ نے سائنسی تحقیق کے حوالے سے پنجاب یونیورسٹی کو پاکستان بھر میں پہلی پوزیشن دے دی۔

نیچر پبلشنگ گروپ کی جاری کردہ رینکنگ کے مطابق پنجاب یونیورسٹی نے 6.88 پوائنٹس حاصل کیے اور ملک کی تمام جامعات میں سائنسی تحقیق کے شعبے میں سرفہرست قرار پائی۔

نیچر پبلشنگ گروپ 1869 میں قائم ہونے والا عالمی ادارہ ہے جو سائنسی تحقیقی جرائد کی اشاعت اور تحقیق کے فروغ کے حوالے سے دنیا بھر میں معتبر مقام رکھتا ہے۔

ترجمان پنجاب یونیورسٹی کے مطابق جنرل کیٹگری کی یونیورسٹی ہونے کے باوجود پنجاب یونیورسٹی نے سائنس سے متعلق خصوصی جامعات کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، جو ادارے کی تحقیقی سرگرمیوں میں پیش رفت کا ثبوت ہے۔

ترجمان نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ کی تحقیق دوست پالیسیوں، اساتذہ کی کاوشوں اور طلبہ کی محنت کے باعث یہ کامیابی ممکن ہوئی۔ اس موقع پر اساتذہ اور طلبہ نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی کو نئی رینکنگ پر مبارکباد بھی پیش کی۔

ٹیگز: