مجھ پر اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام، کرپشن ثابت نہیں ہو سکی، احسن اقبال

I was accused of abuse of power, corruption could not be proved, Ahsan Iqbal
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پر تعمیر کا الزام ہے لیکن جنہوں نے اسے برباد کیا اس کا کون حساب دے گا۔ دنیا اس بات پر ہنسے گی کہ نوجوانوں کیلئے بنائے گراؤنڈ پر کیس بنایا گیا۔

عدالت پیشی کے موقع پر میڈٰیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نیب کی جانب سے بالاخر ڈھائی سال بعد میرے خلاف ریفرنس دائر کر دیا گیا ہے۔ میرے اوپر کوئی کرپشن کا الزام نہیں، تاہم اختیارات کا ناجائز استعمال کا الزام لگایا گیا ہے۔ مجھ پر آج تک ایک روپیہ کی بھی کرپشن ثابت نہیں ہو سکی۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان کا پہلا جدید سپورٹس کا پراجیکٹ لگایا گیا۔ ہم پر الزام ہے تعمیر کا لیکن جنہوں نے اسے برباد کیا اس کا کون حساب دے گا؟ اس موقع انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمپلیکس میں کورونا کیس سامنے آئے ہیں، رجسٹرار احتساب عدالت نے ڈی سی کو خط بھی لکھا لیکن خط کے باوجود کوئی اقدامات نہیں ہوئے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ یہ حکومت کی غیر سنجیدگی کا عالم ہے۔ یہ حکومت صرف اپوزیشن کو کورونا کے ساتھ لگاتی ہے، جہاں ان کا اپنا اختیار ہے وہاں ان کے کوئی انتظامات نہیں ہیں۔ اگر رجسٹرار احتساب عدالت نے خط لکھا تھا تو حکومت کو چاہیے تھا کہ فوری اقدامات کیے جاتے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو احتساب عدالت میں کورونا کیسوں کا نوٹس لینا چاہیے۔ حکومت اگر سنجیدہ ہے تو اسے چاہیے کہ فوری طور پر اقدامات اٹھائے جائیں۔ جہاں رش والی جگہ ہو اور ایسے سرکاری دفاتر وہاں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنا چاہیے۔