Get Alerts

لاہور کی فضائی آلودگی میں بہتری، مگر سموگ سے صحت کے خطرات بڑھ گئے

لاہور کی فضائی آلودگی میں بہتری، مگر سموگ سے صحت کے خطرات بڑھ گئے

لاہور: پنجاب حکومت کے حالیہ اقدامات کے باعث لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) میں کچھ بہتری آئی ہے، تاہم شہر اب بھی فضائی آلودگی کے حوالے سے دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شامل ہے۔ ماحولیاتی ویب سائٹ کے مطابق لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 206 ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے شہر فضائی آلودگی کے اعتبار سے دنیا میں ساتویں نمبر پر آ گیا ہے۔

پنجاب کے دیگر بڑے شہروں میں بھی فضائی آلودگی کی صورتحال تشویشناک رہی۔ فیصل آباد میں AQI 349، گوجرانوالہ میں 344 اور ملتان میں 272 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس کے مقابلے میں بھارتی دارالحکومت دہلی فضائی آلودگی میں بدستور سب سے آگے ہے، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 407 تک پہنچ گیا ہے۔

دوسری جانب، قومی ادارہ صحت نے سموگ کے اثرات سے آگاہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس موسم میں فضائی آلودگی اور سردی کے امتزاج سے نمونیا اور سانس کی دیگر بیماریوں کے پھیلنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ ادارے نے سموگ سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر پر مبنی ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ فضا میں موجود زہریلے مادے اور سرد ہوا مل کر صحت کے لیے مزید خطرات پیدا کر سکتے ہیں۔

قومی ادارہ صحت نے خاص طور پر لاہور، ملتان، گوجرانوالہ، راولپنڈی اور اسلام آباد میں رہنے والوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ بچوں اور بزرگوں کو ماسک کا استعمال کرنے کی تجویز دی گئی ہے تاکہ وہ سموگ کے اثرات سے بچ سکیں۔

ٹیگز: