ماسکو: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی سے ماسکو میں غیر رسمی ملاقات ہوئی۔ یہ ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان حکومت اجلاس کے دوران ہوئی، جہاں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات اور علاقائی تعاون کی ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اور شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے مختلف امور پر بات چیت کی۔ دونوں رہنماؤں نے اہم علاقائی مسائل پر بھی گفتگو کی اور تعاون کے نئے راستوں پر غور کیا۔
واضح رہے کہ اس ملاقات سے ایک دن پہلے اسحاق ڈار نے روس کے دارالحکومت ماسکو میں روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے بھی ملاقات کی تھی، جس میں دونوں رہنماؤں نے مختلف عالمی اور دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ایس سی او اجلاس میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہان حکومت بھی شریک تھے۔