Get Alerts

انجینئر الطاف حسین این جی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر مقرر، جدید ترسیلی نظام کے لیے اقدامات کی ہدایت

انجینئر الطاف حسین این جی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر مقرر، جدید ترسیلی نظام کے لیے اقدامات کی ہدایت

لاہور :انجینئر الطاف حسین نے نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ (این جی سی) کے منیجنگ ڈائریکٹر کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔ الطاف حسین کے پاس بجلی کی ترسیل اور تقسیم کے شعبے میں تین دہائیوں سے زائد بین الاقوامی تجربہ ہے۔

انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز 1987 میں واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) سے کیا، جہاں دس سال خدمات انجام دی گئیں۔ بعد ازاں وہ کینیڈا میں پاور سیکٹر میں 27 سال کام کرتے رہے اور حال ہی میں بی سی ہائیڈرومیں ڈائریکٹر آف ایسیٹ سٹریٹجی اینڈ پلاننگ کے عہدے پر فائز تھے، جہاں انہوں نے گرڈ سسٹم کی مضبوطی اور بجلی کی ترسیل کے اقدامات کیے۔

این جی سی میں ان کی تقرری ایسے وقت ہوئی ہے جب کمپنی حکومت کے تنظیم نو کے پروگرام کے تحت سابقہ نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) سے ٹرانسفارمیشن کے مرحلے میں ہے۔ اس اصلاحی عمل کے نتیجے میں این جی سی کو قومی ترسیلی خدمات کی کمپنی کے طور پر قائم کیا گیا ہے اور دو نئے ادارے بھی  انڈیپنڈنٹ سسٹم اینڈ مارکیٹ آپریٹر (آئی ایس ایم او) اور انرجی انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (ای آئی ڈی ایم سی) بنائے گئے ہیں۔

منیجنگ ڈائریکٹر کے طور پر عہدہ سنبھالتے ہی الطاف حسین نے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹرز، جنرل منیجرز، سی سوٹ افسران اور دیگر اعلیٰ عہدے داروں سے آن لائن اجلاس میں خطاب کیا۔ انہوں نے ٹیم ورک، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، واضح رابطے، رہنمائی اور کوچنگ کی اہمیت پر زور دیا اور این جی سی کو جدت پر مبنی ادارہ بنانے کا عزم ظاہر کیا۔

انہوں نے کہا کہ این جی سی کی ٹیمیں ملک کی بجلی کی ضروریات اور اقتصادی ترقی کے اہداف کو بروقت پورا کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔ الطاف حسین ترسیلی نیٹ ورک اور آپریشنز کی بہتری، آئی ایس ایم او کے ساتھ سسٹم اور مارکیٹ آپریشنز، اور ای آئی ڈی ایم سی کے ڈویلپمنٹ منصوبوں کی معاونت کو ترجیح دیں گے۔

ٹیگز: