کیلیفورنیا : فیس بک نے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے صارفین میٹا کی جدید مصنوعی ذہانت (اے آئی) ایپ کا استعمال کرتے ہوئے اپنے فون کی کیمرہ رول میں موجود تصاویر ایڈٹ کر سکیں گے۔ یہ فیچر فی الحال صرف امریکا اور کینیڈا کے صارفین کے لیے دستیاب ہے۔
رپورٹس کے مطابق، صارفین فیس بک سیٹنگز میں موجود ایک آپشن کو فعال کر کے میٹا اے آئی کو اپنی تصاویر ایڈٹ کرنے کی اجازت دے سکیں گے۔ اس کے بعد وہ ایڈٹ کی گئی تصاویر کو فیس بک کی فیڈ اور اسٹوریز پر شیئر بھی کر سکتے ہیں۔
صارفین کو یہ فیچر حاصل کرنے کے لیے "Camera roll sharing suggestions" کے تحت "cloud processing" آپشن کو فعال کرنا ہوگا۔ یہ آپشن صارف کی تصاویر کو اے آئی کے ذریعے ایڈٹ کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔ اس کے ساتھ ہی، اس فیچر کو کسی بھی وقت غیر فعال بھی کیا جا سکتا ہے۔
میٹا کے مطابق، صارف کی تصاویر کو اشتہاری مقاصد یا اے آئی سسٹم کی بہتری کے لیے استعمال نہیں کیا جائے گا جب تک کہ صارف خود ان ایڈٹ شدہ تصاویر کو اپنے سوشل نیٹ ورک پر شیئر نہ کرے۔