لاک ڈاؤن : علماء کرام کی وزیراعظم کے موقف کی بھرپور تائید

 لاک ڈاؤن : علماء کرام کی وزیراعظم کے موقف کی بھرپور تائید
کیپشن: Image Source: File Photo

اسلام آباد: علمائے کرام کے وفد نے لاک ڈاؤن کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے موقف کی بھرپور تائید کرتے ہوئے انھیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔


تفصیلات کے مطابق،  علمائے کرام اور مشائخ کے ایک وفد نے اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور انہیں احتیاطی تدابیر کے حکومتی فیصلے پر عملدرآمد کے لئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور اس کی بھرپور تائید کی۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ، وزیراعظم سے ملاقات کرنے والے وفد میں پیر امین الحسنات شاہ، پیر شمس بن الامین، پیر نقیب الرحمان، مولانا محمد حنیف جالندھری، مولانا طاہر محمود اشرفی، مولانا حامد الحق حقانی، حافظ غلام محمد سیالوی، علامہ راجہ ناصر عباس، صاحبزادہ پیر سلطان فیاض الحسن، مفتی محمد گلزار نعیمی، مولانا سید چراغ دین شاہ اور مولانا ضیاءاﷲ شاہ شریک تھے۔ 

ویڈیو لنک کے ذریعے گورنر سندھ عمران اسماعیل، مفتی منیب الرحمان، مفتی تقی عثمانی بھی شریک ہوئے۔ وزیر تعلیم شفقت محمود، وزیر مذہبی امور نور الحق قادری، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز و دیگر بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ ملک بھر کے جید علمائے کرام اور مشائخ عظام نے وزیراعظم کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔ حکومت نے آئندہ جمعة المبارک کو ‘’یوم رحمت’’ کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم کی طرف سے علماء سے کہا گیا ہے کہ 20 نکاتی متفقہ لائحہ عمل پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔

وزیراعظم عمران خان سے علمائے کرام کے وفد کی ملاقات کے بعد ذرائع میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے پیر نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ علمائے کرام کا اس صورتحال میں کردار انتہائی اہم ہے، اسی لئے ہم علماء سے رابطے میں ہیں۔