اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ہونے والے اعلیٰ سطح کے مشاورتی اجلاس میں امریکہ اور ایران کے درمیان تعطل کا شکار مذاکرات کو بحال کرنے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔
نمائندہ اسلام آباد جاوید نور کے مطابق پاکستان نے خطے میں امن کی خاطر دونوں ممالک کے درمیان برف پگھلانے کے لیے اپنی کوششیں تیز کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ شرکاء نے ایران کی جانب سے مذاکرات میں شرکت سے حالیہ انکار کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم کو امریکی اور ایرانی سفیروں سے ہونے والی اپنی حالیہ ملاقاتوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور دونوں جانب سے سامنے آنے والے مطالبات پر بریفنگ دی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں طے پایا کہ ایران کے تحفظات دور کرنے اور اسے اسلام آباد مذاکرات کے دوسرے مرحلے میں شرکت پر آمادہ کرنے کے لیے تہران کے ساتھ براہِ راست رابطے جاری رکھے جائیں گے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان امریکہ اور ایران کے درمیان ایک مؤثر ثالث کے طور پر اپنا کردار جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے اور وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد میں مذاکرات کے انعقاد کو ہر صورت یقینی بنانے کے لیے تمام سفارتی چینلز استعمال کیے جائیں۔