Get Alerts

امریکا ایران مذاکرات: پاکستان کی ثالثی کوششیں تیز، اسلام آباد میں سکیورٹی ریڈ الرٹ

 امریکا ایران مذاکرات: پاکستان کی ثالثی کوششیں تیز، اسلام آباد میں سکیورٹی ریڈ الرٹ

اسلام آباد:خطے میں پائیدار امن اور تناؤ میں کمی کے لیے پاکستان کی ثالثی کوششیں رنگ لانے لگی ہیں۔ سفارتی ذرائع کے مطابق امریکہ اور ایران کے اعلیٰ سطح کے وفود جلد پاکستان پہنچنے والے ہیں، جہاں اسلام آباد کی میزبانی میں دونوں ممالک کے درمیان اہم مذاکرات متوقع ہیں۔
غیر ملکی وفود کی آمد اور مذاکرات کی حساسیت کے پیشِ نظر وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی کو "ہائی الرٹ" پر کر دیا گیا ہے۔ ریڈ زون اور توسیعی ریڈ زون کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے سیل کر دیا گیا ہے۔ صرف مخصوص پاسز والے افراد کو داخلے کی اجازت ہوگی۔
 سری نگر ہائی وے اور ایکسپریس وے پر ٹریفک کی نقل و حرکت محدود رہے گی، جبکہ ضرورت پڑنے پر ان شاہراہوں کو مکمل بند رکھا جائے گا۔ اہم سرکاری عمارتوں اور سفارتی انکلیو کے گرد پولیس اور رینجرز کے اضافی دستے تعینات کر دیے گئے ہیں۔
پاکستان ان مذاکرات میں ایک اہم پل کا کردار ادا کر رہا ہے۔ سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق، ان وفود کی پاکستان آمد خطے کی صورتحال میں ایک بڑی پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے، جس کا مقصد برسوں سے جاری کشیدگی کو کم کرنا اور سفارتی حل تلاش کرنا ہے۔اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ریڈ زون کی جانب سفر سے گریز کریں اور متبادل راستوں کا انتخاب کریں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچنے کے لیے شہریوں کو اپنی شناخت کی دستاویزات ساتھ رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

ٹیگز: