Get Alerts

وزیر اعلیٰ مریم نواز کی جاپان کے خارجہ امور کے سینئیرسٹیٹ منسٹر مایا جی ٹاکوما سے اہم ملاقات

وزیر اعلیٰ مریم نواز کی جاپان کے خارجہ امور کے سینئیرسٹیٹ منسٹر مایا جی ٹاکوما سے اہم ملاقات

ٹوکیو :وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جاپان کے خارجہ امور کے سینئیر سٹیٹ منسٹر مایا جی ٹاکوما سے ملاقات کی، جس میں پاک جاپان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر تمام شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات کے دوران مایا جی ٹاکوما نے پنجاب میں 120 سے زائد ترقیاتی منصوبوں کے آغاز کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ہمیشہ ایک دوست ملک کی حیثیت سے اہمیت دی جاتی ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کو جاپان کا سرکاری دورہ کرنے والی پہلی خاتون وزیراعلیٰ کے طور پر خوش آمدید کہا اور کہا کہ تیس سال میں یہ پہلا موقع ہے جب اتنے اعلیٰ مرتبے کی پاکستانی شخصیت جاپان کا دورہ کر رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ وہ جاپان کی ترقیاتی ماڈل کو پنجاب میں لاگو کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے جاپان کی معاشی، تکنیکی اور معاشرتی ترقی کو گہوارہ قرار دیتے ہوئے انسانی قدروں کے احترام کو قابل تقلید بتایا۔ مریم نواز نے خاص طور پر جاپان کی زلزلے سے بچاؤ کی تعمیراتی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

مایا جی ٹاکوما نے پاکستان میں حالیہ سیلاب، خاص طور پر خیبرپختونخوا میں ہونے والے جانی نقصانات پر افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے جاپان کے تجربات سے استفادہ کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے جاپان کی دنیا میں ترقی اور ٹیکنالوجی کی مثال کو سراہا اور جاپانی معاشرتی روایات اور اخلاقی قدروں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جاپان مشکل وقت کے آزمودہ کار دوست ہیں اور پاکستان میں تباہ کن زلزلے کے دوران جاپان کی مدد ناقابل فراموش ہے۔

مریم نواز نے سرمایہ کاروں کے لیے اپنی حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات اور مراعات کے بارے میں بھی آگاہی دی، جس پر مایا جی ٹاکوما نے جاپان آمد پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔

ٹیگز: