لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سکول سطح پر کرکٹ کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے ملک گیر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا اعلان کر دیا ہے، جس میں ملک بھر کے 39 اضلاع کے 400 سے زائد اسکولز حصہ لیں گے۔
پی سی بی کے ترجمان کے مطابق، پروگرام کے پہلے مرحلے میں منتخب سکولز میں کرکٹ ٹرائلز کا انعقاد کیا جائے گا جن میں 60 سے زائد تجربہ کار کوچز نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا جائزہ لیں گے۔ ان ٹرائلز کے ذریعے اسکولز کی نمائندہ ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔
اس ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت ستمبر کے تیسرے ہفتے سے 40 اوورز پر مشتمل سکولز کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز کیا جائے گا، جس میں تمام منتخب ٹیمیں شرکت کریں گی۔ اس ٹورنامنٹ کی بہترین 100 ٹیموں کو آگے بڑھا کر "ویکنڈ اسکولز لیگ" میں شامل کیا جائے گا، جو ایک زیادہ مسابقتی اور باقاعدہ لیگ ہوگی۔
پی سی بی کے مطابق اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو کرکٹ کے بہتر مواقع فراہم کرنا، اسکول سطح پر کھیل کو فروغ دینا اور قومی سطح کے لیے مستقبل کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو تلاش کرنا ہے۔