اسلام آباد: پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے ملک میں ہاکی کے نئے ٹیلنٹ کو تلاش کرنے اور اسے آگے بڑھانے کے لیے قومی انڈر 15 سکول ہاکی چیمپئن شپ اور ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی ایچ ایف ترجمان کے مطابق اس منصوبے کا مقصد سکولوں کی سطح پر ہاکی کو فروغ دینا، باصلاحیت لڑکوں اور لڑکیوں کی نشاندہی کرنا اور مستقبل کے لیے ایک مضبوط قومی ٹیلنٹ پول تیار کرنا ہے۔ پروگرام کے ذریعے سکول ہاکی سے قومی ٹیم تک نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک منظم راستہ بھی بنایا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق جنوری 2027 میں ملک کے مختلف علاقوں میں انڈر 15 سکول ہاکی چیمپئن شپ کا انعقاد ہوگا۔ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے کھلاڑی ان مقابلوں میں حصہ لیں گے۔
مقابلوں کے انعقاد کے لیے متعلقہ کھیلوں کے محکموں، تعلیمی اداروں، ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹس، آئی بی سی سی، تعلیمی بورڈز اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کیا جائے گا۔ ضلعی اور ڈویژن کی سطح پر زیادہ سے زیادہ سکولوں کو مقابلوں میں شامل ہونے کی دعوت دی جائے گی تاکہ گراس روٹ سطح پر موجود ٹیلنٹ سامنے آسکے۔
جنوری میں ہونے والے علاقائی مقابلوں کے بعد اسلام آباد میں قومی چیمپئن شپ کے لیے ٹیمیں منتخب کی جائیں گی۔ پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا سے چار، چار جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر سے دو، دو بہترین ٹیمیں قومی مرحلے میں جگہ بنائیں گی۔ لڑکوں اور لڑکیوں کے مقابلوں کے لیے یہی طریقہ کار اختیار کیا جائے گا۔
منتخب ٹیمیں فروری 2027 میں اسلام آباد میں جمع ہوں گی، جہاں پی ایچ ایف کے سلیکٹرز اور تجربہ کار کوچز کھلاڑیوں کی تکنیک، فٹنس اور مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔ اس عمل کے ذریعے نوجوان کھلاڑیوں کا قومی سطح پر ڈیٹا بھی مرتب کیا جائے گا۔
پی ایچ ایف کے مطابق قومی چیمپئن شپ کی ٹاپ تین ٹیموں کو ٹرافیز، میڈلز اور ترقیاتی معاونت فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ بہترین کھلاڑی، گول کیپر، ڈیفینڈر، مڈفیلڈر اور فارورڈ کو انفرادی اعزازات بھی دیے جائیں گے۔
ٹورنامنٹ کے بعد صرف فاتح ٹیموں کے کھلاڑیوں تک محدود رہنے کے بجائے ملک بھر سے منتخب باصلاحیت لڑکوں اور لڑکیوں پر مشتمل ایک وسیع قومی ٹیلنٹ پول تشکیل دیا جائے گا۔ اسی پول میں سے پاکستان انڈر 15 بوائز اور انڈر 15 گرلز ٹیموں کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا، جبکہ دیگر نمایاں کھلاڑیوں کو مستقبل کے لیے ریزرو رکھا جائے گا۔