ارجنٹینا : ارجنٹائن کے سٹار فٹبالر لیونل میسی نے اپنے والد خورخے میسی کے انتقال کے بعد پہلی بار گول کرکے جذباتی لمحے کو یادگار بنا دیا، جبکہ ان کی ٹیم انٹر میامی نے فلاڈیلفیا یونین کے خلاف میچ 2-2 سے برابر کرکے مسلسل شکستوں کا سلسلہ بھی ختم کردیا۔
سبارو پارک میں کھیلے گئے میچ میں انٹر میامی کو مشکلات کا سامنا تھا، تاہم 26ویں منٹ میں میسی نے اپنی انفرادی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑا اور گیند کو جال میں پہنچا دیا۔ ان کے گول سے انٹر میامی نے 2-1 کی برتری حاصل کی۔
گول کے بعد میسی کے ساتھی کھلاڑی ان کے گرد جمع ہوگئے اور انہیں گلے لگا کر مبارکباد دی۔ میسی نے میچ میں اپنی ٹیم کے پہلے گول میں بھی اہم معاونت فراہم کی۔
میسی کے والد خورخے میسی 8 اگست کو ارجنٹائن کے شہر روزاریو میں 68 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔ والد کی وفات کے بعد میسی نے ایک جذباتی پیغام میں اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ان کے بغیر زندگی کے آگے بڑھنے کا تصور نہیں کر پا رہے۔
فلاڈیلفیا یونین کے خلاف ڈرا کے بعد انٹر میامی کی مسلسل تین میچز میں شکست کا سلسلہ رک گیا۔
میسی کا یہ موجودہ سیزن میں 13واں گول ہے، جس کے ساتھ وہ ایم ایل ایس گولڈن بوٹ کی دوڑ میں پیٹر موسا سے صرف ایک گول پیچھے ہیں۔