Get Alerts

ملائیشیا کے وزیر داخلہ کا پاکستان مونومنٹ اور پولیس لائنز کا دورہ

ملائیشیا کے وزیر داخلہ کا پاکستان مونومنٹ اور پولیس لائنز کا دورہ

اسلام آباد: ملائیشیا کے وزیر داخلہ داتو سیری سیف الدین ناسوتیون بن اسماعیل نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ پاکستان مونومنٹ اور اسلام آباد پولیس لائنز کا دورہ کیا۔

پاکستان مونومنٹ پہنچنے پر فیڈرل کانسٹیبلری کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ملائیشین وزیر داخلہ نے یادگارِ شہدا پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے ملکی دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

بعد ازاں ملائیشین وزیر داخلہ نے اسلام آباد پولیس لائنز کا دورہ کیا، جہاں ان کے اعزاز میں پروقار پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔ اسلام آباد پولیس کے دستے نے مہمان وزیر کو سلامی پیش کی، جبکہ پولیس بینڈ نے پاکستان اور ملائیشیا کے قومی ترانوں کی دھنیں پیش کیں۔

سیف الدین ناسوتیون بن اسماعیل نے پریڈ کا معائنہ کیا اور اسلام آباد پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیت، نظم و ضبط اور چاق و چوبند انداز کو سراہا۔ انہوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس اہلکاروں میں نقد انعامات اور تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔

اس موقع پر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ ملائیشین وزیر داخلہ کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ روابط اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے جاری اعلیٰ سطحی رابطوں کا حصہ ہے۔

ٹیگز: